وزیراعلیٰ سندھ کی آئی جی آفس آمد،دہشت گرد حملے کے شہدا کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی

16

کراچی،18فروری(اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی آئی جی  آفس  آمد،کراچی پولیس آفیس( کے پی او )حملے میں  شہید ہونے والے  2 پولیس اہلکاروں  کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کے پی او  حملے میں کانسٹیبل  غلام  عباس  اور سعید  نے  جامِ شہادت نوش فرمائی،وزیراعلیٰ سندھ  نے دونوں شہدا   کی نمازِ جنازہ کے بعد  اُن کے جنازے کو کاندھا  بھی دیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کے پی او  کے خاکروب امجد  مسیح  کی آخری رسومات میں بھی شرکت کی۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ہمیں اپنی پولیس فورس پر فخر ہے جس نے بہادری سے دہشتگردوں  کو جہنم واصل  کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم کے پی او  کے خاکروب  امجد مسیح  کی قربانی کو قدر  کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،امجد مسیح  نے جان کا نذرانہ  دے کر ثابت  کیا کہ ہمارا ہر شہری دشمنوں  سے لڑنے کے لیے تیار ہے۔

نمازِ جنازہ  میں آئی جی پولیس  اور ڈی آئی جیز اورپولیس  کی بھاری نفری  نے شرکت کی،شہدا کو سلامی  دے کر سرکاری اعزاز  کے ساتھ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔

چیف سیکرٹری  سہیل راجپوت ، ایڈیشنل آئی جی کراچی   نے بھی نمازِ جنازہ میں شرکت کی،ایک پولیس  اہلکار  کی لاڑکانہ اور دوسرے کی کراچی میں تدفین  ہوگی۔امجد مسیح  کی جسد خاکی  فیصل  آباد بھیجی جائے گی،امجد مسیح  کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔