وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ ،  پولیس لائن دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کی

26

اسلام آباد،1فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری نے بدھ کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور  پولیس لائن دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کی،فرداً فرداً زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کا حال دریافت کیا۔

 اس موقع پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیس لائن مسجد میں دھماکہ انتہائی افسوسناک اور دردناک ہے، پشاور پولیس لائن دھماکہ ایک قومی سانحہ ہے اور دہشت گردی کی نئی لہر انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء کو سلام اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پوری قوم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کے حوصلے بلند ہیں، اللہ تمام زخمیوں کو صحت یاب کرے۔

 ساجد حسین طوری  نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے ہماری پولیس اور فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ملک میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کر کے دہشت گردوں کو کچلنا وقت کی اہم ضرورت ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج اور پولیس کی ان گنت قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کے ہمراہ وزیر مملکت سید محمد علی شاہ بادشاہ اور پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت اور کارکنان بھی موجود تھے۔