پاکپتن؛کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد،بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی

2

پاکپتن،05فروری(اے پی پی):ملک کے دیگر شہروں کی طرح پاکپتن میں بھی کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے  ڈپٹی کمشنر قیوم قدرت کی زیر قیادت ڈی سی کمپلیکس سے بختیار کاکی چوک تک ریلی کا انعقاد گیا گیا۔ریلی میں ضلعی انتظامیہ و دیگر اداروں کے افسران،سول سوسائٹی و شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 ریلی سے خطاب کرتے ہوئی مقررین کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری 75سال سے بھارتی مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں۔بھارتی فوج نے کشمیر میں مسلمانوں کے تمام بنیادی انسانی حقوق غصب کر رکھے ہیں۔کشمیریوں پر بھارتی فوج کی بربریت کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروانے میں ناکام رہی ہے۔دنیا کی سپر پاورز مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی سیاہ کاریوں کا تماشہ دیکھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے مسلمان کشمیری بھائیوں سے والہانہ محبت رکھتی ہے۔کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کو مظالم کے زریعے نہیں دبایا جا سکتا۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کے لیے آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔بہت جلد مظلوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کے ظالمانہ قبضے کا خاتمہ ہوگا۔

ریلی کے شرکاء نے کشمیریوں کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ریلی کے شرکاء نے نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔