چنیوٹ؛دی کریسنٹ سکول میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب،طلباء نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے

7

چنیوٹ، 05فروری (اے پی پی) ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح ضلع چنیوٹ کے سکولز اور کالجز میں کشمیری عوام سے اظہار یک جہتی کے لیے یوم کشمیر منایا جارہا ہے۔اس سلسلہ میں دی کریسنٹ سکول بوائز اور طالبات (باہومان) میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں طلباء و طالبات کے علاوہ سٹاف نے بھی شرکت کی اور ملی نغمے اور ٹیبلو بھی پیش کئے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل لیفنٹنٹ کرنل (ر) سعید انور نے کہا کہ کشمیر کے شہداء کا خون رنگ لائے گا، بھارت نے کشمیر کے اندر ظلم و ستم کی انتہا کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

کرنل (ر) سعید انور نے کہا کہ کشمیر کے اندر نہتے مسلمانوں پر ہونے والے ظالمانہ ظلم و ستم کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے شہدا کا خون رنگ لائے گا،کشمیر جلد آزاد ہو گا، پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔