کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی شہر کے بڑھتے ہوئے رہائشی مسائل حل کرنے کیلئے منصوبے تجویز کرے ،وزیراعلیٰ بلوچستان

41

کوئٹہ۔3فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان و چیئرمین کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں، کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوئٹہ شہر کے بڑھتے ہوئے رہائشی مسائل کے حل کے لئے نئے منصوبے تجویز کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کوئٹہ سبی روڈ پر مجوزہ کیو ڈی اے انکلیو ہاؤسنگ کے مجوزہ منصوبے کے نظرثانی شدہ پی سی ون کی منظوری دے دی گئی۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 100 ایکڑ پر محیط ہے جو 750 رہائشی پلاٹوں سیوک سینٹر اسکول پارک اسپتال اور دیگر جدید سہولتوں پر مشتمل ہوگا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی خوبصورتی کے لئے کیو ڈی اے کےطرز پر قائم ملک کے دیگر بڑے شہروں کے اداروں سے بھی تجاویز لی جائیں ، ایسے منصوبے سامنے لائے جائیں جو عہد حاضر سے ہم آہنگ ہوں ، کوئی بھی ہاو ¿سنگ اسکیم بناتے وقت گیس اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، رہائشی اسکیمیں تمام ضروری بنیادی سہولتوں سے آراستہ ہوں ہم کوئٹہ کے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانا چاہتے ہیں۔ اجلاس میں گورننگ باڈی کے ممبران اراکین صوبائی اسمبلی کمشنر کوئٹہ ڈویڑن ڈی جی کیو ڈی اے مزمل حسین ودیگر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو ڈی جی کیو ڈی اے کی ایجنڈا پوائنٹس پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ہزار گنجی میں قائم 478 دکانوں کو بقایا رقم کی ادائیگی کے لیے مالکان کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے رہائشی اور کمرشل پلاٹوں کی ٹرانسفر فیس این او سی اور دیگر متعلقہ امور کے حوالےسے ٹیکسوں میں مجوزہ اضافے کی منظوری دی گئی جبکہ زرغون ہاوسنگ سکیم کوئٹہ کے خالی کمرشل پلاٹوں کے ریٹ اور رینٹ اسیسمنٹ کمیٹی کے تجویز کردہ بنیادی ریٹ پرائس کی بھی منظوری دی گئی۔