پشاور، 02فروری(اے پی پی): صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے دوران پور میں گودام پر چھاپہ مارتے ہوئے ایکسپائر اشیاء کی تاریخوں کو تبدیل کر کے جعلی ایکسپائری تاریخیں درج کرنے والے گروہ کو گرفتار کرتے ہوئے گودام کو سیل کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عزا ارشد نے دوران پور میں ایک گودام پر چھاپہ مارا، گودام میں بھاری مقدار میں مشہور و معروف برانڈز کی ایکسپائر اشیاء موجود تھیں جن سے ایکسپائری کی تاریخوں کو تبدیل کر کے جعلی ایکسپائری تاریخ درج کی جا رہی تھی۔ ان اشیاء میں مختلف چاکلیٹ، بچوں کے دودھ، چپس، ببل گم، کافی اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔گروہ کے افراد پشاور کے مختلف علاقوں سے ایکسپائر اشیاء جمع کرتے اور گودام میں پرانی تاریخوں کو ہٹا کر جعلی تاریخ درج کر رہے تھے اور اس کے بعد دوبارہ پشاور کی ماکیٹوں کو سپلائی کرتے تھے۔موقع سے ہزاروں سٹیکرز، مہریں اور دیگر پیکنگ مٹیریل کو سرکاری تحویل میں لیتے ہوئے گودام کو سیل کر کے گروہ کے سرغنہ سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ان گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے انتظامی افسران کو اپنے علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کسی بھی گودام میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔











