گورنر سندھ محمد کامران خان کی وزیراعلیٰ محسن نقوی سے ملاقات

15

لاہور،18 فروری(اے پی پی ): گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ہفتہ کو وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نگراں وزیراعلیٰ نے کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں  نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ نگران وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات کو سراہا کہ کراچی پولیس، رینجرز اور پاک فوج نے بروقت کارروائی کی اور دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہداء قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں  نے زور دیا کہ ہمیں اپنے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر متحد ہو کر دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مٹھی بھر مذموم عناصر ہمارے ملک کے امن کو سبوتاژ نہیں کر سکتے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اعتراف کیا کہ کراچی پولیس اور رینجرز نے بہادری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمیں اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔ انہوں  نے کہا کہ سندھ کے عوام کے ساتھ صوبہ پنجاب کا برادرانہ رویہ قابل تعریف ہے، پنجاب کے عوام نے ہر آزمائش کی گھڑی میں ہمیشہ سندھ کے ساتھ کھڑے رہے۔