گورنر محمد بلیغ الرحمن سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی ملاقات، ملکی سیاست اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

4

لاہور،19فروری(اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے  گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اتوار کو یہاں  گورنر ہاوس   میں  ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے گورنر سندھ کو پنجاب میں خوش آمدید کہا۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاست اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے کراچی پولیس چیف کے آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی۔گورنر پنجاب نے رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں کو  دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ شہید اہلکاروں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا۔ انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے تناظر میں کہا کہ سب کو متحد ہو کر ملک کو ایک بار پھر دہشت گردی کے عفریت سے بچانا ہو گا۔ انہوں  نے کہا کہ ملک کو اس وقت  بے پناہ معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ملک کی معیشت کو ایک بار پھر ازسر نو مضبوط کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اس کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، حالات مشکل ضرور ہیں لیکن معاشی حالات میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے، آنے والے دنوں میں، انشاللہ، معاشی حالات مزید بہتر ہوں گے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں سب کو  مل جل کر بیٹھ کر ایک ایسا راستہ نکالنا ہے جہاں پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج دنیا میں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔

دونوں ہم منصب نے اس موقع پر بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا۔