سکھر: سرسو کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ بچوں کیلئے تھیٹرز کا انعقاد

23

سکھر،20مارچ(اے پی پی):سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو ) نے یونیسیف کے تعاون سے مربوط خدمات کے منصوبے کے تحت گاؤں عبداللطیف شر یوسی حیدری تعلقہ ٹھری میر واہ میں تھیٹر کا اہتمام کیا۔ اس کا مقصد سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز میں بچوں کے کلیدی حقوق کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور تھیٹر پرفارمنس کے ذریعے نفسیاتی مدد فراہم کرنا ہے۔ مشہور ٹی وی کامیڈین سہراب سومرو اور ان کی ٹیم نے تقریب میں پرفارم کیا اور بچوں کے تحفظ، صحت، غذائیت، دماغی صحت اور کم عمری کی شادیوں کے حوالے سے اہم پیغامات پھیلائے۔ یوسی کے سیلاب سے متاثرہ دیہات کے مرد، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے اس ایونٹ میں شرکت کی اور تھیٹر میں شریک ہوئے۔

 یونیسیف کے نمائندے رضوان شیخ اور ساجد لغاری، سرسو یونیسیف کے پروجیکٹ مینیجر نوید اسحاق میمن نے بھی تھیٹر میں شرکت کی، اس موقع پر سرسو حکام کی جانب سے کہا گیا کہ فی الحال سندھ کے 5 اضلاع کی سب سے زیادہ سیلاب سے متاثرہ 37 یوسیز میں صحت، غذائیت، دماغی صحت ، نفسیاتی معاونت (MHPSS) اور مربوط خدمات کے لیے ریفرل میکانزم پراجیکٹ پر کمیونٹی بیداری بڑھانے کے لیے یونیسیف کے تعاون سے کمیونٹی انگیجمنٹ اور سوشل موبلائزیشن پر عمل درآمد کر رہا ہے۔ ان میں لاڑکانہ، دادو، خیرپور، قمبر شہدادکوٹ اور نوشہرو فیروز ضلع شامل ہیں۔ ان اضلاع میں ایونٹ کا مقصد سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کو بچوں کے تحفظ، غذائیت، GBV، SBCC اور ذہنی صحت کے حوالے سے حساس بنانا، بیداری پیدا کرنا ، متحرک کرنا اور مربوط خدمات کے لیے ریفرل میکانزم تیار کرنا ہے۔