وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کے دائرہ اختیار میں منتقل کرنے بارے اجلاس

4

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی چوری روکنے کو حکومتی ترجیحات قرار دیتے ہوئے  بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کو منتقل کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی، یہ کمیٹی صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ٹرمز آف ریفرنس اور معینہ مدت کا تعین کرے گی۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کے دائرہ اختیار میں منتقل کرنے پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بجلی چوری، عدم وصولیوں اور لائن لاسز کے نتیجے میں خسارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو وفاق اور صوبوں میں بلوں کی وصولی کیلئے موجود انتظامی ڈھانچے کا موازنہ بھی پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا نظام صوبوں کے حوالے  کرنا آئینی اقدام ہے۔  اس اقدام سے بلوں کی وصولی اور بجلی  چوری کی روک تھام میں خاطر خواہ بہتری آئے  گی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نظام کی منتقلی کیلئے سب سے پہلے حکومتِ سندھ نے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا تھا۔ وزیرِ اعظم نے کمیٹی کو جلد لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کر دی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بجلی چوری کرنے والے عناصر کا مؤثر سد باب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ  وفاق صوبوں کی استعداد بڑھانے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا،صوبوں کے پاس بجلی کے بلوں کی وصولیوں کیلئے بہتر انتظامی ڈھانچہ موجود ہے،وصولیوں کیلئے بہتر انتظامی ڈھانچہ بجلی کے گردشی قرضے کو ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔اجلاس میں سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزراء اسحاق ڈار  انجینئر خرم دستگیر، عابد حسین بھائیو، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، معاونِ خصوصی جہانزیب خان، وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، نگران وزیرِاعلی خیبر پختونخوا اعظم خان، پنجاب اور بلوچستان کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔