گورنر پنجاب سے  ویت نام کے  سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور  پر تبادلہ خیال

2

لاہور۔15مارچ  (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے  بدھ کے روز  یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ویت نام کے سفیر نگوین ٹین فونگ (Nguyen Tien phong) نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے اور بالخصوص تجارت کے شعبے میں فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن  نے کہا کہ پاکستان ویت نام کے ساتھ  اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔انہوں  نے کہا کہ  دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ، تجارتی اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح  پر ثقافتی وفود کے تبادلے بھی ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پا کستان میں خوبصورت سیاحتی مقامات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروع دینے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب  نے کہا کہ ویت نام سے طلبا  کو پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے کی دعوت دیتا ہوں ،ان کے لیے پاکستان میں تعلیم حاصل کرنا ایک خوشگوار تجربہ ثابت ہو گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ویت نام کے عوام  نے جس طرح جدوجہد کر کے جارحیت اور بحرانوں پر قابو پایا ہے وہ متاثر کن ہے ۔ویت نام کے سفیر نگوین ٹین فونگ نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی فورمز پر ویت نام کو سپورٹ کے لیے تہہ دل سے مشکور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کومزید فروغ دیا جائے گا۔