پی ٹی آئی والے مریم نواز کےفوبیا میں مبتلا ہیں ، عمران نیازی مجھے بچائو کی دہائیاں دے رہے ہیں ؛ عطاء تارڑ

1

اسلام آباد،22مارچ  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی  والے مریم نواز کے فوبیا میں مبتلا ہیں ، عمران نیازی  بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجھے بچائو کی دہائیاں دے رہے ہیں لیکن ان کوکرپشن ،ٹیریان وائٹ، توشہ خانہ اورفارن فنڈنگ کیسزمیں جواب دینا  ہوگا،ملک میں سیاستدانوں نے بہت کچھ برداشت کیا لیکن کل پہلی دفعہ  دیکھنے کو ملا کہ ایک بزدل، ڈرپوک لیڈر  عدالت گیا تو اس پر گرفتاری کا خوف طاری تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عطا ءتارڑ نے کہا کہ عمران خان اپنی  کرپشن بچانے کےلئے عدالت سے حکم امتناعی لینے کی کوشش کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  عمران خان  احتساب کے عمل سے بچنے کےلئے  پوری کوشش  کررہاہے کہ یہ معاملہ التواء کا شکار ہو اور اس کےلئےوہ مختلف سازشیں  کررہا ہے ، توشہ خانہ کیس میں فرد جرم کا معاملہ روز روشن کی طرح عیاں ہے کیونکہ انہوں نے دوست ممالک سے ملنے والے اربوں روپے کے تحائف کوبلیک مارکیٹ میں بیچ کر اس  سے حاصل ہونے والی رقم مبینہ طور پرمنی لانڈرنگ کے ذریعے اپنے زیر استعمال لائی، فرح گوگی صاحبہ  کاعمران خان نے ٹی وی پر آکر دفاع کیا ۔ فرح گوگی کے پاس  حکومتی عہدہ نہ ہونے کی بناء پر احتساب کے عمل سے بچایا ۔ جب پتہ چلا کہ اب حکومت جانے والی ہے تو ان کو دبئی فرار کروا دیا، فرح گوگی جب بیرون ملک جاتی تھی تو حکومت پاکستان کو دوست ممالک کی جانب سے ملنے والے تحائف جن میں ہیرے جواہرات اور زیورات شامل تھے انہیں  پہن کرجاتی تھیں اس میں سب سے بڑا جرم یہ ہے کہ   جوگھڑی ایک ارب کی تھی  اس کو بلیک مارکیٹ  سے 20کروڑروپے کا ریٹ لگوا کر اس کا 20فیصد سرکاری خزانے میں جمع کروا کر80کروڑ روپے میں بیچ کر اس کو کھا جانا، اس میں بہت سے غیرقانونی نکات ہیں، پہلےاس کی قیمت کم دکھانے کےلئے ایک پرائیویٹ کمپنی  سےقیمت لگوائی پھر جعلی رسیدیں بنوائی گئیں۔

 وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہاکہ ان سب کی تحقیقات دبئی اور پاکستان میں چل رہی ہیں لیکن افسوس ا س بات کا ہے کہ عمران خان کی طرف سے  تاخیری حربے استعمال کرتے ہوئے  نہ ہی فرد جرم عائد ہونے دی جارہی ہے اور نہ ہی تحقیقات میں پیشرفت ہونے دی جارہی ہے کیونکہ آڈیوز ویڈیوز سے واضح ہوتا ہے کہ عمران  نیازی کے سہولت کار موجود ہیں جو نہ صرف عمران نیازی کو احتساب کے عمل سے بچانا چاہتے ہیں بلکہ ان کو کرسی اقتدار پر بھی لے جانا چاہتے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا اپنا فائدہ بھی  اس میں ہے کہ عمران نیازی  کو احتساب  سے بچا کر اقتدار کے ایوانوں تک پہنچایا جائے، ٹیرین وائٹ  اور ان کیسز میں جن میں ثبوت  اور شہادتیں بھی آچکی ہیں ان کوتاخیر ی ہتھکنڈوں کاشکار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی  والے مریم نواز کے فوبیا میں مبتلا ہیں ، ان کا ان سے کیا مقابلہ ہے، مریم کے پاس تو حکومتی عہدہ بھی نہیں تھا پھر بھی ان پر مقدمات ہوئے اور ایک سال سزا کاٹی، دوسری دفعہ والد کے سامنے گرفتارکیاگیا۔ انہوں نے احتساب سے بچنے کےلئے تو کوئی سازش نہیں کی بلکہ اپنی بیمار والدہ کو بسترمرگ پر چھوڑ کر آئیں، سزائے موت کی چکی میں بند رہیں اور نا کردہ گناہوں کی سزا کاٹی بلکہ ہمت اور حوصلے کے ساتھ ان مصائب کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ  آج آپ کو نظر آتا ہے کہ خاتون خانہ گھر پر اکیلی تھیں تو جب مریم نواز کے کمرے کا دروازہ توڑا گیا توکیاوہ خاتون نہیں تھیں، آپ نے احتساب کے نام پر انتقامی  سیاست کی اور اپنے مخالفین کے خلاف جس حد تک گئے اس کے باوجود نکلا تو کچھ نہیں البتہ آپ کے اپنے ہاتھ کرپشن میں  رنگے ہوئے ہیں، آپ  اورآپ کی اہلیہ، فرح گوگی، احسن سلیم گجر اوردوسرے لوگوں نے عوام کے پیسوں کو بے دردی سے لوٹا ہے اورایک ایم پی اے کے گھر سے کروڑوں روپے سے بھرے سوٹ کیس نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل مجھے بڑا دکھ ہوا کہ اس ملک میں سیاستدانوں نے بہت کچھ برداشت کیا لیکن کل پہلی دفعہ  دیکھنے کو ملا کہ ایک بزدل لیڈر عدالت گیا تو اس  پر گرفتار ی کا خوف طاری تھا، یہ بات اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر جب کرپشن کررہے تھے تب سوچنی چاہئے تھی، بزدلی کی نشاندہی یہ بھی ہے کہ بڑھکیں بہت مارتا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ میں سول ، ملٹری آفیسرز کی فیملز کو سوشل میڈیا پر  ملنے والی دھمکیوں کی مذمت کرتاہوں ، ایک طرف وانا  میں ایک بریگیڈیئر شہید ہوئے، فوج کے جوان ملک اور ملک کی سرحدوں کےلئے قربانیاں دے رہے ہیں، دوسری طرف سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف مہم چلا رہے ہیں ، وہ آپ کی طرح بزدل نہیں کہ آپ کی ا ن گیڈر بھبھکیوں سے ڈر جائیں بلکہ وہ اپنی جانوں کے نذرانے  اس ملک کےلئے پیش کررہے ہیں۔