اوکاڑہ؛ رمضان مفت آٹا پیکج سے  اب تک دو لاکھ ستر ہزار سے زائد مستحق افراد مستفید ہوچکے ہیں،خورشید جیلانی

34

اوکاڑہ،28مارچ(اے پی پی ): ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی  نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے رمضان مفت آٹا تقسیم پروگرام کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنراوکاڑہ ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کے زیراہتمام ضلع اوکاڑہ  کی تینوں تحصیلوں میں قائم آٹا فراہمی پوائنٹس سے دولاکھ ستر ہزار سے زائد اہل افراد کو فری آٹا تقسیم کیا جا چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی نے اے پی پی کو حکومت پنجاب کے رمضان پیکج کے کامیاب انعقاد پر تفصیلی گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ اہل افراد کو مفت آ ٹا 25رمضان المبارک تک دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے عوام کی سہولت کے لیے آ ٹا پوائنٹس پر ایس او پیز کے مطابق صفا ئی ستھرائی اور بیٹھنے کے لیے کرسیاں،  موسم کے مطابق سائے کے لیے ٹینٹ اور پنکھوں کے علاوہ طبی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا۔اس کے علاوہ ریسکیو 1122 کا عملہ پولیس اورٹریفک پولیس بھی  احسن انداز سے فرائض منصبی اداکر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفت آٹا کی فراہمی کے حکومتی اقدام پر عوام بہت خوش ہے۔