ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق پالیسیاں بنانی  چاہیے ؛امداد حسین صدیقی

17

نوشہرو فیروز،28مارچ (اے پی پی ):ڈائریکٹر آپریشن صوبائی ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی امداد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے لئے تیار رہنا چاہیے کیونکہ ہم نے خود  فضائی آلودگی کو بڑھایا ہے۔تمام ادارے حالیہ برساتوں سے سبق سیکھیں اوراس مطابق  پالیسیاں بنائیں ، کسی قدرتی آفت کے آنے سے پہلے اس کے لئے تیار رہیں ۔

وہ آج ڈپٹی کمشنر آفس نوشہروفیروز کے کمیٹی روم میں ضلع میں برساتی  پانی کی نکاسی کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے پانچویں اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شکر گزار ہیں کہ  غیر سرکاری تنظیموں ، دعوت  اسلامی ، ہیلپنگ ہینڈ اور یو این آئی  او ایم کے جنہوں نے ضلع سے باقی ماندہ پانی کی نکاسی کے لئے ڈیزل کی مدد میں رقم عطیہ دی ا ور کرینوں کی فراہمی میں مدد کی۔انہوں نے بتایا کہ دعوت اسلامی کی تنظیم  ایف جی آر ایف نے ڈیزل اور دیگر سہولیات کی مد میں اب تک 5 کروڑ روپے کی رقم عطیہ کی ہے جبکہ ہیلپنگ ہینڈ نے نور پور اور دیگر علاقوں میں چلنے والے پمپنگ اسٹیشنوں کے لئے 2 کروڑ روپے سے زائد رقم کا ڈیزل عطیہ کیا ہے جبکہ یو این   کی ذیلی تنظیم آئی او ایم نے 10 کرینیں فراہم کی ہیں۔

حسین صدیقی نے محکمہ اسکارپ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ مون سون کی برساتوں سے قبل تمام سیم نالوں کی صفائی کروائیں اور پانی کی نکاسی کی قدرتی راستوں کوتجاوزات سے خالی کرائیں۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شاہزیب شیخ نے کہا کہ  ہائی کورٹ کے حکم پر جو کمیٹی بنائی گئی ہے وہ کسی حد تک پانی کی نکاسی میں کامیاب ہوچکی ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کے سربراہوں سے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے تیاررہیں اور تمام محکمے برساتوں سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دیں۔

اجلاس میں محکمہ آبپاشی، اسکارپ، پبلک ہیلتھ کے افسران کے علاوہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔