ایڈوائزر ریجنل آفس وفاقی محتسب کا ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفس فیصل آباد کا دورہ، ریکارڈ کا معائنہ، عوامی سہولیات کا جائزہ لیا

4

فیصل آباد،21  مارچ(اے پی پی):وفاقی محتسب کی ہدایات پرعوامی شکایات کے ازالہ کیلئے ایسوسی ایٹ ایڈوائزر ریجنل آفس وفاقی محتسب سید غضنفر مہدی نے منگل کو ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفس فیصل آباد کا دورہ کیاجبکہ اس موقع پریاسر شبیر ملک اسسٹنٹ رجسٹرار بھی ان انکے ہمراہ تھے۔

سید غضنفر مہدی نے دورے کے محرکات بتاتے ہوئے کہاکہ وفاقی محتسب سید اعجاز حسین قریشی کی ہدایات کے مطابق وفاقی سرکاری اداروں میں ملازمین، پنشنرز اور دیگر سائلین کے مسائل کی راہ میں پائی جانے والی رکاوٹوں اور مشکلات کے حل کیلئے یہ دورہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفس نے انہیں تمام صورت حال سے آگاہ اور ضروری ریکارڈ بھی ان کے حوالہ کیا۔

سید غضنفر مہدی نے اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ محمد امجد ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کی فراہم کردہ معلومات اور ریکارڈ کے معائنہ سے پتہ چلتا ہے کہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس انتہائی محدود اور نہ ہونے کے برابر بجٹ کے باوجود اپنے روز مرہ کے امور درست طریقے سے چلا رہا ہے تاہم ان میں بہتری کی گنجائش ہے۔

ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر محمد امجد نے پنشنروں کو پنشن کی تاخیر سے فراہمی کی وجہ بنکوں کو قرار دیا جو اپنے ڈیپازٹ کے چکر میں 15 دن تک پنشن کی ادائیگی میں تاخیر کرتے ہیں۔انہوں نے ایڈوائزر کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس دیگر کسی سرکاری دفتر کے ساتھ آن لائن نہیں ہے جس سے بھی بہت سے مسائل جنم لیتے اور تاخیر کا سبب بنتے ہیں۔

محمد امجد نے بتایا کہ لائف سرٹیفکیٹ کے مسائل بھی سروسز کی بہترین ڈلیوری میں رکاوٹ ہیں۔انہوں  نے مزید بتایا کہ آفس کا انتظامی بجٹ نہ ہونے کے برابر ہے اور بعض اوقات بجلی کے بل ادا کرنے اور جنریٹر کیلئے پٹرول خریدنے تک کے فنڈز نہیں ہوتے جس سے بہت سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔