کوئٹہ۔13مارچ (اے پی پی):گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہےکہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے ضروری ہے کہ ہم ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہو کر ایک بلوچستانی کی حیثیت سے سوچنا شروع کریں، گورنر بلوچستان نے کہا کہ میں کسی ایک قوم یا پارٹی کا گورنر نہیں بلکہ تمام بلوچستانیوں کا گورنر ہوں جن میں بلوچ، پشتون کے علاوہ ہزارہ، سیٹلرز اور مختلف اقلیتیں شامل ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گورنر ہائوس میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ بھی اس صوبے میں کام کر رہے ہیں اور آپ کی بھی ذمہ داری ہے کہ صوبے کی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ آپ مسائل کی نشاندہی کریں ہم ان کے حل کے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ مرکز اور صونے کے درمیان دوری کم کرنے کیلئے برج کا کام کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے این ایف سی میں شئیر اور مالیاتی چیلنجز کا انھیں بخوبی ادراک ہے، تمام شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے، ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے، میرٹ پر ڈاکٹرز کی تعیناتی کرنے، غربت اور بیروزگاری وغیرہ بڑے چیلنجز ہیں۔ گورنر نے بیورو چیفس، ایڈیٹرز اور سینئیر صحافیوں کو ترجیحات سے آگاہ کیا اور کہا کہ آپ کا تعاون حکومت کیلئے ضروری اور قابل قدر ہے۔











