سیالکوٹ۔4مارچ (اے پی پی):سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت بورڈ آف گورننس /ایڈمنسٹریشن کمیٹی میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب ماجد علی شاہ، ڈپٹی کمشنر عدنان محمد اعوان،ڈپٹی سیکرٹری فنانس عمران حسین رانجھا،پرنسپل خواجہ محمد میڈیکل کالج ڈاکٹر عبدالستار اور ایم ایم علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر رانا الیاس نے اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال اور گورنمنٹ سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال کیلئے ادویات کی خریداری کیلئے پالیسی پر من و عن عمل کریں کیونکہ ہسپتال میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ضروری ادویات کی قلت ہر گز نہیں ہونی چاہئے۔انہوں نے بتایا کہ ایم ٹی اے کے تحت ملازمین کے کنٹریکٹ میں 3ماہ کی توسیع کردی ہے، ایم ٹی آئی کے ملازمین کی کارکردگی کیلئے نیا اویلوایشن پرفارمہ بھی بنایا جارہا ہے۔ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا تھا کہ ایم ٹی آئی کے تحت کنٹریکٹ حاصل کرنے والے ڈاکٹرز اور سٹاف کو کارکردگی دکھانا ہوگی ۔ انہوں نے ہسپتالوں میں بجلی کی بچت کا پلان 28مارچ تک بنا نے کی ہدایات بھی جاری کیں۔











