جدہ؛ پاکستان قونصلیٹ میں یوم آزادی تقریب ، قونصل جنرل خالد مجید  نے پرچم کشائی کی

18

جدہ،23 مارچ (اے پی پی ):پاکستان قونصلیٹ جدہ  میں 23 مارچ یوم آزادی کے حوالے سے  پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ قونصل جنرل خالد مجید نے   کیمونٹی کے سرکردہ افراد ، جدہ قونصلیٹ کے افسران کے ہمراہ  پرچم کشائی کی۔

اس موقع پر  خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل خالد مجید نے 23 مارچ یوم آزادی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس دن قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں حصول وطن کے لئے عہدو پیما باندھے گئے، برصغیر کے مسلمانوں نے قائد اعظم کی آواز پر لبیک کہا اور بہت جلد اسلامی جمہوریہ پاکستان دنیا کے نقشے کی زینت بنا۔

قونصل جنرل خالد مجید  نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب لازوال اور روحانی رشتوں میں منسلک ہیں، ہم خادم الحرمین شریفین کنگ سلمان بن عبدلعزیز اور ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کی عالم اسلام کے لئے شاندار خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ بہترین تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں۔

اس موقع پر صدر اور وزیراعظم پاکستان کے 23 مارچ کے حوالے سے  قوم کے نام پیغامات پڑھ کر سنائے گئے اور پاکستان سعودی عرب اور عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی کی دعا کی گئی۔