جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی ڈیجیٹائزیشن کی طرف پیش قدمی، تمام ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹس کو ویب سائٹس لانچ کرنے کی ہدایت

20

ملتان،22 مارچ(اے پی پی ):جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی ڈیجیٹائزیشن کی طرف پیش قدمی جاری ہے،تمام ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹس کو ویب سائٹس لانچ کرنے اور  سیکرٹریٹ کو پیپر لیس بنانے کےلئے ای فائلنگ سسٹم پر سو فیصد عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اس سلسلے میں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیرصدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی صدی ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ دفاتر کے ریکارڈ کو ڈیجیٹائز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دفاتر کو پیپر لیس بنانے کےلئےای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم لانچ کیا جاچکا ہے اور تمام ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹس ای فائلنگ نظام پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنائیں۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندے فیصل ممتاز نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے16 محکموں میں ای فائلنگ سسٹم پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے5 اضلاع کے اکاونٹس آفسسز میں بھی ای فائلنگ سسٹم نافذ کردیا گیا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکموں کی ہیومن ریسورس کی تربیت کے لئے پی آئی ٹی بی اپنی خدمات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

اجلاس میں جنوبی پنجاب کے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ قیصر سلیم ،سیکرٹری جنگلات سرفرازخان مگسی ،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن الطاف بلوچ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرغلام صغیر شاہد،سیکرٹری بورڈ آف ریونیوامجد شعیب ترین ، سیکرٹری ہاوسنگ رانا سلیم،ایڈیشنل سیکرٹری محمدفاروق ڈوگر،ڈپٹی سیکرٹریز عبدالصبور ٹھاکر اور زاہدمحمود نے شرکت کی۔لائیوسٹاک،لوکل گورنمنٹ،پی اینڈ، سی اینڈ ڈبلیو اور ایریگیشن کے سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔