واسا ملتان کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے دن رات کوشا ں ہے؛ایم ڈی واسا چوہدری محمد دانش

5

ملتان، 22 مارچ (اے پی پی ):منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش نے کہا کہ واسا ملتان کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے دن رات کوشا ں ہے اور اس بنیادی سہولت کی فراہمی میں بہتری لانے کیلئے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش نے   ورلڈ واٹر ڈے کے حوالے سے واسا کے زیر اہتمام منعقدہ واک کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  انہوں نے کہا کہ پانی قدرت کا بیش بہا خزانہ ہے، صاف پانی کا ہر قطرہ قیمتی ہے اس گرانقدر نعمت کی قدر کرنی چاہیے اور پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے ہر شہری ذمہ داری کا احساس کرے تاکہ زندگی کی اس بنیادی ضرورت سے ہماری آنے والی نسلیں بھی مستفید ہوسکیں۔

ایم ڈی واساچوہدری محمد دانش نے کہا کہ ملتان شہر میں 1448کلومیٹر طویل واٹر سپلائی نیٹ ورک اور (84)ٹیوب ویل اور 65 واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے روزانہ 3مرتبہ شہریوں کو صاف پانی کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، شہری اس نعمت کو احتیاط سے استعمال کریں اور اس کو ضائع ہونے سے بچائیں۔ انہوں نے واک کے شرکاء کو پانی کی اہمیت سے متعلق آگاہی اور عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں پانی کے ضیاع کی روک تھام کے لیے اپنے رویوں میں مثبت تبدیلی لانا ہوگی خصوصاً گھریلو سطح پر پانی کے استعمال میں  احتیاط برتنی ہوگی برتن، کپڑے دھوتے ہوئے،نہاتے ہوئے گاڑیوں کو دھونے سمیت دیگر استعمال میں پانی ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرانجینئرنگ جواد کلیم اللہ، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر فنانس و ایڈمن اینڈ ریکوری میڈم نگہت جبیں، ڈائریکٹر انجینئرنگ عبدالسلام، ڈائریکٹر ایڈمن و ریکوری منصور احمد، ڈائریکٹر ورکس عارف عباس،ڈائریکٹر فنانس محمد سعید ڈوگر،ڈپٹی ڈائریکٹرز محمد ندیم،محمد ارشد، میڈم رابعہ، حسن محمود بخاری، رائے محمد ساجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زویا مبین، رمیض ہاشمی سی بی اے یونین کے صدر ملک وحید رجوانہ سمیت دیگر افسران و ملازمین نے بڑی تعداد میں واک میں شرکت کی۔