حکومت پنجاب نے منفرد رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے،کمشنر ملتان

10

ملتان،14مارچ  (اے پی پی):کمشنرملتان انجینئر عامر خٹک نے کہاہے کہ حکومت پنجاب نے منفرد رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے،خصوصی رمضان پیکج کے تحت 60 ہزار روپے سے کم آمدن والے خاندان کو آٹے کے تھیلے مفت دئیے جائیں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے مختلف محکموں کے افسران سے  اجلاس کی دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ تمام محکموں کو ماہ صیام میں بہترین انتظامات کرنے کا ٹاسک دیدیاہے ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ گھرانے 10 کلو آٹے کے 3 تھیلے مفت حاصل کرسکیں گے۔غیررجسٹرڈ اہل خاندان فون کے ذریعے رجسٹریشن کروا کر مفت آٹا حاصل کرسکیں گے۔رمضان پیکج 25 شعبان تا 25 رمضان المبارک تک جاری رہے گا۔کمشنرنے رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات کرنے کابھی حکم دیا۔انہوں نے کہاکہ ڈیوٹی کیساتھ،اللہ کی رضا اورثواب کی نیت سے ماہ صیام میں شہریوں کو سہولت دیں۔انہوں نے کہاکہ افسران احترام رمضان آرڈیننس پر ہر صورت عملدرآمد کروائیں۔انہوں نے میٹر وپولیٹن کارپوریشن کو تمام سٹریٹ لائٹس فنکشنل کرنے ،شہریوں کو سحری و افطاری میں سہولت،سٹریٹ کرائم کے سدباب کیلئے لائٹس فعال کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے واسا افسران کو ہدایت کی کہ واسا سیوریج کے پانی کی نکاسی اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں ۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخ نامے واضح آویزاں کروائیں۔ گراں فروش، ذخیرہ اندوز مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ماہ صیام کے مقدس مہینے میں صفائی کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے میپکو افسران سے کہاکہ میپکو سحروافطار اور تراویح میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے اورتاجربرادری انسانی ہمدردی کے تحت عوام کو ریلیف فراہم کریں۔اس موقع پرواسااورمیپکوسمیت دیگرمحکموں کے افسران بھی موجودتھے۔