دہشت گردی کی بیخ کنی تک  پولیس کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا؛ آئی جی پی اخترحیات خان

25

پشاور، 30 مارچ (اے پی پی ):آئی جی پی اخترحیات خان نے کہا ہے   کہ لکی مروت پولیس دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہے اور دہشت گردی کی بیخ کنی تک  پولیس کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئےآئی جی پی نے کہا کہ لکی پولیس درپیش چیلنجز کے باوجود اپنی قیمتی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر فرائض سرانجام دی رہی ہے اور نصف شب ڈیوٹی کی کال پر لبیک کہتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچنا پولیس کی فرض شناسی اور بہادری کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔

ایک سوال کے جواب میں آئی جی پی نے کہا کہ جنوبی اضلاع بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں ڈویژن میں دہشت گردوں کے خلاف پولیس کی بھر پو رکارروائیاں جاری ہیں، رات کو ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس نے جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کردیا۔انہوں  نے کہا کہ پولیس فورس دہشت گردوں کے بزدلانہ ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوگی،بالخصوص لکی مروت پولیس دہشت گردوں کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے اور ان کی دلیری اور بہادری تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔

 آئی جی پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس آخر ی دہشت گرد کے خاتمے تک اپنے خون کے آخری قطرے تک یہ جنگ لڑتی رہیگی۔ ایک اور سوال کے جواب میں آئی جی پی نے کہا کہ دھماکے میں 20سے 25کلوگرام باروداستعمال کیا گیا۔