رمضان المبارک میں کسی شہری کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے،وزیراعظم کامفت آٹے کی تقسیم کے   مقامات کا اچانک دورہ

4

لاہور،24مارچ  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور اور قصور میں مفت آٹے کی تقسیم کے مختلف مقامات کا اچانک دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں آٹے کی تقسیم کے دوران کسی شہری کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے، بزرگ ، معذور  اور علیل لوگوں کا خاص خیال رکھا جائے۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین اور مرد شہریوں سے مفت آٹے کی فراہمی میں مشکلات کے بارے میں پوچھا اور  آٹے کے معیار اور اس کے حصول کےلئے مشکلات سے متعلق بھی شہریوں کی رائے  بھی معلوم کی۔وزیراعظم نے شہریوں کی آراء  کی روشنی میں حکام کو اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے شہریوں کے لئے انتظار گاہ کا بھی دورہ کیا،انتظامات دیکھے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں کسی شہری کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے،بزرگ، معذور اور کمزور افراد کا خاص خیال کیا جائے،بزرگ خواتین اور بچوں کے ہمراہ آنے والی خواتین کے لئے بھی بہترین انتظامات یقینی بنائیں ۔انہوں  نے کہا کہ اس کار خیر کو سرکاری ڈیوٹی نہیں خدائی ڈیوٹی سمجھ کر انجام دیں،رمضان المبارک میں مخلوق خدا کی خدمت کرکے باری تعالیٰ کو راضی کریں۔

وزیراعظم مفت آٹا سینٹر میں آئے بچوں سے بھی ملے ، بات چیت بھی کی۔وزیراعظم نے شہریوں میں مفت آٹے کے تھیلے بھی تقسیم کئے۔ وزیراعظم نے  سیکرٹری فوڈ، چیف سیکرٹری پنجاب، ڈپٹی کمشنرز کو بہتر انتظامات پر شاباش دی اور وزیراعظم نے انتظامیہ اور عملے کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔