ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان اور سٹی پولیس آفیسر سید علی ناصر رضوی کا منشیات پکڑنے والی سی آئی اے سٹاف کی ٹیم کو  تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان

33

فیصل آباد،09مارچ  (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری، فیصل آباد پولیس نے اڑھائی کروڑروپے مالیت کی منشیات برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق، فیصل آباد پولیس کے سی آئی اے سٹاف کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک سوک کار رنگ سفید فیصل آبادشہر میں داخل ہوچکی ہے جس میں چرس اور افیون کی بھاری مقدار موجود ہے۔ ایس پی سی آئی اے کی قیادت میں انچارج سی آئی اے اقبال ڈویژن کے ہمراہ خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ پولیس ٹیم نے کار نمبر LEA-5362 کو کالج روڈ، ستا رہ کالونی پھاٹک کے مقام پر روکا تو اس میں موجود 03 ملزمان نے بھاگنے کی کوشش کی جنہیں پولیس ٹیم پکڑ لیا جبکہ کار کی چیکنگ پر اس میں سے 179کلوگرام منشیات برآمد ہوئی جس میں 130کلو گرام چرس اور 49کلوگرام افیون شامل ہے جس کی مالیت تقریبا اڑھائی کروڑ روپے ہے۔ ترجمان کے مطابق فیصل آباد پولیس کی جانب سے گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف یہ دوسری بڑی کارروائی ہے اور انسداد منشیات کے لیے کارروائیوں کا تسلسل آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان اور سٹی پولیس آفیسر سید علی ناصر رضوی نے بہترین کارکردگی پر سی آئی اے سٹاف کی ٹیم کو شاباش دی اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازنے کا اعلان کیا۔ ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد نے کہاکہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے اور منشیات فروشی کے نیٹ ورکس کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے جس کا مقصد مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کا جڑ سے خاتمہ یقینی بناناہے۔