لاہور، 30 مارچ (اے پی پی): صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے تحصیل کینٹ میں مختلف مفت آٹا پوائنٹس کا دورہ کیا اور اندر جگہ ہونے کے باوجود لوگوں کی لائنیں باہر لگوانے پر انتظامیہ کی سرزنش کی ۔ انہوں نے ملینیم مارکی بھٹہ چوک اور سیرین ایونٹ کمپلیکس برقی روڑ پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے ملینیم مارکی میں سکینگ کاؤنٹر پر سٹاف کی عدم دستیابی کا نوٹس بھی لیا اور کہا کہ سکینگ کاونٹر جتنا زیادہ تیز کام کرے گا اتنا ہی رش کم ہوگا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کو مسلسل آٹا پوائنٹس خود مانیٹر کرنے چاہئیں تاکہ شہریوں کی سہولت کیلئے مفت آٹا پوائنٹس پر سٹاف کی تعداد بڑھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آٹا پوائنٹس پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے محنتی اور چوکس عملہ تعینات کیا جائے۔
وزیر اطلاعات نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی افسران مفت آٹے کے حصول کے لیے انیوالے مستحقین سے خوش اسلوبی سے پیش آئیں، فرائض میں غفلت ہرگز قابل قبول نہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ بزرگوں اور چھوٹے بچوں والی خواتین کیلئے الگ کاؤنٹر بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کے بعد آٹے کے بقیہ دو تھیلے بھی اکٹھے دینے کے فیصلے کے بعد رش میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر جمعہ کو آٹا پوائنٹس بند رہا کریں گے۔











