جوہرآباد، 30 مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن وسکولزایجوکیشن منصور قادر نے کہا ہے کہ ماہِ صیام کے بابرکت مہینہ میں مستحق افراد کو مفت آٹا کی تقسیم حکومتِ پنجاب کا بہت بڑا اِقدام ہےجس سے کروڑوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے ضلع خوشاب کے دورہ کے موقع پر فاطمہ جناح ہال جوہرآباد میں مفت آٹا تقسیم پوائنٹ کا معائنہ کرتے ہوئے اِن خیالات کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر نے وہاں پر مفت آٹا تقسیم کا عمل،ڈیٹا کا اندراج،خواتین،بزرگ اور دیگر شہریوں کے لئے بیٹھنے کے انتظامات،سیکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیااور ضلعی انتظامیہ کے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا،ڈی پی او شائستہ ندیم، اے ڈی سی(آر) مطاہر امین حیات وٹو،اے ڈی سی (جی) احمد صہیب،ڈی ایف سی مرزا رمضان اور ریونیو عملہ موجود تھا۔ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو ضلع خوشاب میں فری ڈسٹری بیوشن آٹا پوائنٹس کی تفصیل،آٹا تقسیم کے اہداف اور اب تک تقسیم ہونے والے آٹا کی تفصیل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے آٹا پوائنٹ پر موجود خواتین و دیگر افراد سے آٹے کی فراہمی کے بارے دریافت بھی کیا۔صوبائی وزیر نے آٹا پوائنٹ پر وزن کنڈا کی عدم دستیابی پر ڈی ایف سی کوآٹا پوائنٹ پر وزن کنڈا فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی۔











