رحیم یار خان، 30 مارچ (اے پی پی):مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نےمفت آٹا تقسیم ٹرکنگ پوائنٹس کا دورہ کیا۔مرکزی عید گاہ ، ٹاؤن ہال اور عسکری پارک و سیٹلائٹ ٹاؤن صادق آباد کے پوائنٹس پر آٹا تقسیم کی نگرانی کی۔ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے مشیر کھیل پنجاب کو ضلع میں مفت آٹا تقسیم کے حوالہ سے بریفنگ دی۔
وہاب ریاض نے دورے کے دوران آٹا تقسیم کے طریقہ کار،معیار اور وزن کا جائزہ لیا اور انہوں نے نے مفت آٹا تقسیم پوائنٹس پر موجود شہریوں سے انتظامات کے حوالے سے استفسار کیا۔
مشیر کھیل پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی عوام میں مفت آٹا تقسیم کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہے ہیں،رمضان المبارک میں مستحق گھرانوں کی سہولت کے لئے مفت آٹےکی تقسیم پنجاب حکومت کا تاریخ ساز پیکیج ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مفت آٹا تقسیم پوائنٹس پر مثالی انتظامات کئے گئے ہیں،ہر اہل افراد کو مفت آٹا کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔صوبہ پنجاب میں مفت آٹا کی تقسیم 25 رمضان المبارک تک جاری رہے گی۔
ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ 6 لاکھ 34 ہزار سے زائد خاندان مفت آٹا حاصل کر چکے ہیں۔ نادرا میں رجسٹرڈ 76 ہزار خاندان بھی حکومت پنجاب کے مفت آٹا تقسیم پیکج سے مستفید ہو چکے ہیں۔ضلع میں 14 لاکھ 13 ہزار 589 ،10 کلو گرام آٹا کے بیگ تقسیم کئے جا چکے ہیں۔










