اسلام آباد،9مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ خواتین کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ایسے ممالک کی ترقی کا عمل سست روی کا شکار رہتا ہے جہاں خواتین کو مساوی مواقع فراہم نہیں کئے جاتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزارت منصوبہ بندی کے تحت خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی میں ایک جینڈر یونٹ قائم کیا گیا ہے جس میں تمام ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی صنفی ردعمل کے اصولوں کے مطابق کی جائے گی تاکہ خواتین کو مزید بااختیار بنائے جائے۔انہوں نے کہا کہ معاشی چیلنجز کے ساتھ صنفی عدم مساوات بھی ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور ہمیں ملک کی 100 فیصد آبادی کو ملک کی ترقی کے ساتھ جوڑنا ہے تاکہ اصل اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے شرکاء کو بتایا کہ وزات منصوبہ بندی کے تحت کام کرنے والے ینگ ڈویلپمنٹ فیلوز نے خواتین کے حقوق کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف جامعات میں ایک کمپین چلائی جو ایک زبردست اقدام تھا۔ انہوں نے کہا کہ جن ملکوں نے ماضی میں ترقی کی انہوں نے خواتین کو مساوی مواقع فراہم کئے، جتنا زیادہ خواتین میں تعلیم کو عام کریں گے اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ ہوگا،وژن 2025 کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائیں جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی سالوں میں خواتین کی نمائندگی مختلف شعبوں میں تیزی سے بڑھی ہے جوکہ خوش آئند عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے 100 فیصد آبادی کو ملک کی ترقی سے جوڑنا ہوگا اور اس میں خواتین کا کردار بہت اہم ہے۔











