احمدپورشرقیہ،09 مارچ(اےپی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت کے مطابق پبلک ویلفیئر کے تمام امور شاندار انداز میں انجام دیئے جائیں تاکہ علاقے کے لوگوں کو ریلیف حاصل ہو۔
وہ ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کے انیشٹیو کے تحت کی پوائنٹس انڈیکیٹرز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کے افسران روزانہ کی بنیاد پر ڈسٹرکٹ رپورٹنگ سیل میں اپنے اپنے محکموں کی رپورٹ ارسال کریں۔انہوں نے کہا کہ مین ہولزکے ڈھکن نصب کیے جائیں اور غیر فعال سٹریٹ لائٹس فنکشنل کی جائیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر نے کہا کہ قومی شاہراہ اور مین سڑکوں پر قائم سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں آمد و چھٹی کے اوقات میں طلباء وطالبات کو سڑک کراس کرانے کے لئے متعلقہ سکولوں کے اساتذہ کرام کو نگرانی کے لئے مامور کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں بل بورڈز کی تنصیب درست طریقہ سے کی جائے اور حکومت کی ہدایت کے مطابق وال چاکنگ کے خاتمہ سمیت واٹر ٹینکس کی صفائی اور کلورینیشن کے کام بھی بروقت کئے جائیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر نے کہا کہ پرانے پلوں کی مرمت اور دیکھ بھال، نکاس آب کے نظام کی درستگی کی جائے اسی طرح سالڈ ویسٹ کی بروقت تلفی، بس و ویگن سٹینڈ میں صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات، سرکاری عمارات پر رنگ وروغن، پلے گراؤنڈ ز و گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کی جائے اور ایک جگہ پر موجود پانی کو تلف کرنے، مراکز صحت کی صفائی ستھرائی و رنگ وروغن کے کام کیے جائیں، سڑکوں کی مرمت، دیکھ بھال کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کا تدارک، بجلی کی جھولتی تاروں کی درستگی، یوٹیلیٹی پولز کی مناسب جگہ پر منتقلی، غیر قانونی طریقے سے گیس کی فلنگ اور منی پٹرول پمپس کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت کے مطابق پبلک ویلفیئر کے دیگر امور پر عمل درآمدکو یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر محمد عظیم ذیشان، سی ای او ایجوکیشن محمد شہباز، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد چنڑ، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹی، محکمہ روڈ، محکمہ بلڈنگ، محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔











