ملتان؛سٹیٹ آف آرٹ سکواش ارینا میں کمشنر سکواش چمپیئن شپ 2023کا باقاعدہ آغاز

28

ملتان، 11 مارچ (اے پی پی): سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام دی سٹیٹ آف آرٹ سکواش ارینا میں کمشنر ملتان سکواش چمپیئن شپ 2023کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ملتان انجینئر عامر خٹک نے سکواش میچ کھیل کر چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز کیا۔اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان رانا ندیم انجم نے کہا کہ عامر خٹک کی سربراہی میں ملتان میں کھیلوں کی نئی سہولیات میسر آرہی ہیں ۔ملتان میں پہلا آسڑوٹرف ہاکی اسٹیڈیم اور اب سکواش کورٹ میں چیمپن شپ ملتان کے کھلاڑیوں کے لیے کسی تحفہ سے کم نہیں ہے جس پر کھلاڑی ان کے ممنون ہیں۔

کمشنر ملتان انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ دنیا بھر میں کھیلوں میں نئی جدتیں سامنے آرہی ہیں ہمیں اگر عالمی سطح پر اپنے ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی تیار کرنے یونگے تو ان کو جدید سہولیات سے آراستہ میدان بھی دینے ہونگے۔کھیلوں کی ترقی ہمیشہ سے میرا مشن رہا ہے تاکہ ہمارے بچے صحت مندانہ ماحول میں دور حاضر کے مطابق اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں۔

سکواش چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیا ،ان کے درمیان مقابلے منعقد ہوئے جس میں علی غازی،محمد رضا،علی حیدر اور محمد زاہد نے سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

اس موقع پر  ڈسڑکٹ سپورٹس آفیسر ملتان فاروق لطیف ، ٹی ایس او ملتان نور خان قیصرانی ، ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویژن حماد حسن مرزا ، صدر ملتان ڈویژن سکواش ایسوسی ایشن اریج فرید ، چیف آرگنائزر امجد علی صدیقی ،صبا حبیب اور سکواش کے کھلاڑیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔