ملتان؛ ڈپٹی کمشنر کی گراں فروشوں کے خلاف بھرپور مہم چلانے کی ہدایت 

60

ملتان23،مارچ(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے گراں فروشوں کے خلاف بھرپور مہم چلانے  کی ہدایت  دی  ہے  اور کہا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس احترام رمضان آرڈینس پر مکمل عملدرآمد کرائیں۔

ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی سمیل مشتاق نے گراں فروشی پر متعدد دکان داروں کو بھاری جرمانے عائد کئے اور احترام رمضان آرڈینس کی خلاف ورزی پر 5 سے زائد ہوٹل اور ریسٹورنٹس کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ۔ انہوں  نے گراں فروشوں کو 40 ہزار جرمانہ کرکے حتمی وارننگ بھی دی۔

اس حوالے سے  ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ ماہ رمضان میں ذخیرہ اندوزی و گراں فروشی کے مرتکب افراد جیل کی سیر کیلئے تیار رہیں،احترام رمضان آرڈینس کے تحت ہوٹل اور ریسٹورنٹ سیل کرکے جرمانے کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی افسران روزانہ منڈیوں کی چیکنگ کرکے سرکاری ریٹس پر عملدرآمد کرائیں گے جبکہ تاجر برادری سے بھی اپیل ہے کہ ماہ رمضان میں ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کی جائے۔