ملتان میں رمضان ریلیف پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کا کل بروز اتوار سے آغاز کیا جائے گا؛ ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر

3

ملتان، 18 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کا کل بروز اتوار سے آغاز کیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع میں ڈسٹری بیوشن پوائنٹس بھی قائم کردیے گئے ہیں  ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے مختلف آٹا پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ گھرانے ہی 10 کلو  آٹے کے 3 تھیلے مفت حاصل کر سکیں گے۔

ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ مفت آٹا ضلع کے 107 یوٹیلیٹی اسٹورز اور ٹرکنگ پوائنٹس پر بھی دستیاب ہوگا،حکومت پنجاب نے منفرد رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 60 ہزار روپے سے کم آمدن والے خاندانوں کو آٹے کے تھیلے مفت دیے جائیں گے۔انکا کہنا تھا کہ رمضان پیکج 25 شعبان تا 25 رمضان المبارک تک جاری رہے گا جبکہ 7 سو سے زائد رجسٹرڈ دکانوں کو بھی مفت آٹا سکیم میں شامل کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس آٹا فراہمی کی انسپکشن کرینگے،شناختی کارڈ کو آن لائن ایپ کے ذریعے سکین کرکے آٹا فراہم ہوگا،ٹرکنگ پوائنٹس اور شاپس پر خریداروں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مستحق خاندان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔