راولپنڈی،30مارچ (اے پی پی):پاکستان ٹیچر فیڈریشن کی چیئرپرسن سینیٹر فوزیہ ارشد نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری اور ترقی کے لیے بچوں کی بنیادی تعلیم پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے، جب تک ہمارے بچے پڑھ لکھ نہیں سکیں گے انہیں شعورنہیں آئے گا اور وہ معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا نہیں کرسکیں گے،پاکستان میں اس وقت تقریباً پونے تین کروڑ بچے سکول نہیں جارہے اور ان بچوں کو سکول بھیجنے کے لیے ہنگامی سطح پر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار سینیٹر فوزیہ ارشد نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں ہاشو گروپ کے زیر اہتمام سکول سے باہر بچوں کے لیے منعقدہ فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ہائوسنگ فاونڈیشن کی سی ای او عائشہ خان، سفارتکاروں، صنعتکاروں، تاجروں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔سینیٹرفوزیہ ارشد نے کہا کہ بچوں کو اگر تعلیم نہیں دی جائے گی تو انہیں اپنی سمت کا اندازہ نہیں ہوگا کہ کس طرف جانا ہے، کونسا راستہ بہتری کی طرف اور کونسا برائی کی طرف جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ سکول سے باہر بچوں کہ تعلیم کے لیے ہم بہت سے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور اس دوران ہمیں بہت سے مسائل اور چیلنجز کا بھی سامنا ہے،بچوں کی تعلیم کے لیے تمام صوبوں میں مختلف اداروں کے اشتراک سے کام کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں بڑی تعداد میں ایسے بچے ہیں جو سکول نہیں جارہے اور پورے ملک میں اس وقت تقریباً پونے تین کروڑ بچے سکول نہیں جاتے۔
سینیٹر فوزیہ ارشد نے کہا ہے کہ بچوں کو تعلیم دینے سے ہی ملک ترقی کی طرف جائے گا اور اس وقت ضرورت ہے کہ ایلیمنٹری سطح پر بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے اور بچوں کو ووکیشنل ٹریننگ دینے کی بھی ضرورت ہے تاکہ وہ پاکستانی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔











