نارووال ؛ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاینامک رجسٹری کا افتتاح، پروگرام کے دائرہ کار کو وسیع کریں گے؛ وفاقی وزیر شازیہ مری

28

نارووال ، 18  مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر احسن اقبال نے وفاقی وزیر شازیہ مری کے ہمراہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاینامک رجسٹری کا افتتاح کر دیا  ہے ، بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام،  نادرا کے ساتھ لنک ہونے سے  جدید معاشی تبدیلیوں  کا اندراج جلد ہو گا۔

  اس موقع پر وفاقی وزیر شازیہ مری کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دائرہ کار کو وسیع کریں گے، تاکہ مہنگائی کہ اس دور میں غریب کو فائدہ ہو سکے۔انہوں نے بتایا کہ نارووال  میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو نادرا کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے ،اس پروگرام سے 90لاکھ مستحق خاندانوں 73.9ارب کی ادائیگی ہو چکی ہے،ڈاینامک رجسٹری کا مقصد وقت کے ساتھ معاشی تبدیلیوں کا اندراج کرنا ہے، سہ ماہی رقم کو اب 7000سے 8500 کر دیا ہے جبکہ  اس میں ہونے والی پیچیدگیوں کو مزید دور کیا جائے گا۔

اس موقع پر موجود وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا تعلق سیاست سے نہیں عوام سے ہے ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ہر حکومت نے جاری  رکھا۔انہوں نے کہا کہ    ملک میں  مہنگائی  ، زرمبادلہ کم ہونے سے روپے کی قدر میں کمی سے ہوئی ہےجبکہ آئی ایم ایف سے قرضہ لینا ہماری مجبوری ہے کیونکہ ہمیں خزانہ خالی ملا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ کے ثمرات مستحق لوگوں تک جلد پہنچائیں گے۔