وفاقی حکومت کے تعلیمی ادارے معیاری تعلیم کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہیں؛بریگیڈیئر سجاد خان

22

راولپنڈی،22مارچ  (اے پی پی):ریجنل ڈائریکٹر فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن انسٹیوٹیشنز بریگیڈیئر سجاد خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے تعلیمی ادارے تعمیری اور معیاری تعلیم کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہیں اور ان اداروں  سے فارغ التحصیل ہونہار طلباء وطالبات ملکی ترقی اور روشن مستقبل کے لئے بہترین کردار ادا کررہے ہیں،تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا،دور جدید کے تقاضوں کے عین مطابق وفاقی حکومت کے ادارے طالب علموں کی زہنی نشونما کے ساتھ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو فیڈرل گورنمنٹ سرسید کالج راولپنڈی میں منعقدہ سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر لیفٹنٹ کرنل آفتاب،سرسید کالج کے پرنسپل پروفیسراحمد رضا،وائس پرنسپل احسن پاشا،طارق آباد سکول کے پرنسپل افضل طاہر، فیکلٹی ممبران اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

قبل ازیں بریگیڈیئر سجاد خان نے  انعامات حاصل کرنے والے اساتذہ اور طالب علموں کو مبارکباد دی اور اپنے خطاب میں اسی لگن،محنت و جانفشانی کے سفر کو جاری رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے آل پاکستان مقابلہ جات کرکٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے عبدالرافع ٹیم کپتان کو تعریفی سند اور انعام سے نوازا جبکہ آل پاکستان باسکٹ بال میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے کپتان سید فرحان عباس کو تعریفی سند و انعام دیا۔

بعد ازاں بورڈ امتحانات پری اینجینئرنگ سال دوم میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم صائم احمد کو بھی تعریفی سند اور انعام دیا گیا،واضح رہے کہ صائم احمد نے بورڈ میں 1068نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی اس کے بعد پری میڈیکل سال دوم کے سالانہ امتحان میں بورڈ میں 1075 نمبر حاصل کر کے چوتھی ہوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کاشف مراد کو انعام اور سند دی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر سجاد خان نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے  اور وفاقی حکومت کے تعلیمی ادارے بچوں کے روشن مستقبل کے لئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور اسی تعلیم کی وجہ سے ملک ترقی کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ سرسید کالج کے طلباء و طالبات پاکستان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی خدمات سر انجام دے کر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں جن میں ڈاکٹرز،انجینئرز،وکلاء،اور کامیاب کاروباری افراد شامل ہیں۔