وفاقی وزیرسید خورشید احمد شاہ سے امریکن اسسٹنٹ سیکرٹری برائے بحری و عالمی ماحولیات اور سائنسی امور مونیکا میڈینا کی ملاقات

4

 

اسلام آباد،16مارچ(اے پی پی ):وفاقی وزیر  برائے آبی وسائل، سید خورشید احمد شاہ سےاسسٹنٹ سیکرٹری،امریکن اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ  برائے بحری و عالمی ماحولیات اور سائنسی امور،  مونیکا میڈینا نے اپنے امریکی وفد کے ہمراہملاقات کی ہے ، جس دوران آبی امور اور  عالمی موسمیاتی تبدیلی  کے تناظر میں پاکستان میں سیلابی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی۔

 ملاقات میں امریکی سفیر ڈونلڈ بروم وزیر مملکت برائے آبی وسائل محمد علی شاہ اور سیکرٹری آبی وسائل حسن جامی نے بھی شرکت کی۔  وفاقی سیکرٹری برائے آبی وسائل حسن جامی نے امریکی وفد کو تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر برائے آبی وسائل نے وفد کو پاکستان  میں سیلاب کے بعد کی صورت حال، پانی کی بڑھتی ہوئی قلت اور موسمیاتی تبدیلی  کے اثرات سے آگاہ کیا۔ وفد کی سربراہ نے کہا کہ امریکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور پانی کے ذخائر میں کمی پر بھرپور توجہ مرکوز کر رہا ہے اور ان مسائل پر ہر ممکنہ تعاون کو آگے بڑھایا جائے گا۔

 اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ آبی وسائل اور موسمیاتی تبدیلی پر پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں اور ان کوششوں کو عالمی تعاون سے تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شرکاء میں اعزازی سوئینئر تقسیم کئے۔