پاک بحریہ کا جہاز زلزلہ زدگان کیلئے امدای سامان لے کر شام کی بندرگاہ لطاکیہ پہنچ گیا

5

اسلام آباد، 14 مارچ(اے پی پی):پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نصر زلزلہ زدگان کیلئے امدای سامان لے کر شام کی بندرگاہ لطاکیہ پہنچ گیا۔ شام کی بندرگاہ پہنچنے پر پاکستانی سفیر، شام کے اعلی سول و عسکری حکام نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امدادی سامان میں متاثرین کیلئے  خیمے، کمبل، جنریٹرز، راشن، ادویات اور گرم کپڑے شامل ہیں۔پی این ایس نصر 1000 ٹن امدادی سامان لیکر جانے والا پاک بحریہ کا پہلا جہاز ہے۔ پاک بحریہ کے دوسرے جہاز پی این ایس معاون کو بھی امدادی سامان کیساتھ 12 مارچ کو روانہ کیا گیا۔ پی این ایس نصر امدادی سامان کی شام میں ترسیل کے بعد ترکیہ روانہ ہوگا۔

ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ پاکستانی قوم مصیبت کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شام کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔