پنجاب کی ثقافت کا شمار دنیا کی بہترین ثقافت میں ہوتا ہے اور یہ ہماری پہچان ہے؛ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا

3

اٹک،13 مارچ(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا نے کہا ہےکہ پنجاب کی ثقافت کا شمار دنیا کی بہترین ثقافت میں ہوتا ہے اور یہ ہماری پہچان ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ ایم سی سکول اٹک میں پنجاب کے ثقافتی دن پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔پنجاب کے ثقافتی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں طلباء وطالبات  نے پنجاب کی ثقافت کے حوالے سے اپنے فن کا بہترین مظاہرہ کیا اور حاضرین سے داد وصول کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ آج کا دن پنجاب میں تاریخی  اہمیت کا حامل ہے،حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب کا ثقافتی دن صوبہ بھر میں جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی ثقافت کی طرف لوٹیں  اور اس کی ترویج کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں،اس سلسلے میں بہترین مثال ہمارے ثقافتی دن کی ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی ثقافت کو بہترین انداز میں متعارف کروایا ہے۔انہوں نے پنجاب کے ثقافتی دن کے موقع پر طلبہ و طالبات کی طرف سے پیش کئے گئے ثقافتی نغموں اور خاکوں کی تعریف کی۔

تقریب سے سی ای او ایجوکیشن اٹک ملک محسن عباس اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اٹک وقاص اسلم مارتھ، ڈی ای او سکینڈری اکرم ضیاء اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔