ملتان۔3مارچ (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ملتان کیپٹن( ر) محمد سہیل چودھری نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کی ویلفیئر کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ترجمان ملتان پولیس کے مطابق آرپی اونے جمعہ کے روزپولیس ہیڈ کوارٹرزملتان کا دورہ کیا۔سی پی او ملتان منصور الحق رانا نے ان کا استقبال کیا جبکہ پولیس کے چاک وچوبند دستے انہیں سلامی پیش کی۔آرپی او ملتان نے یادگار شہداء پر حاضری دی،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پرآرپی اونےوہاں پولیس دربارلگایا۔جس میں ایس پی کینٹ ڈویژن،ایس پی گلگشت ڈویژن،ایس پی صدرڈویژن،ایس پی ہیڈ کوارٹرز،ڈی ایس پیز،ایس ایچ اوز،ایلیٹ فورس،ٹریفک پولیس، ڈولفن فورس،محافظ اسکواڈ اور شہر کے مختلف تھانوں سے آئے افسران وجوان شریک تھے۔سی پی اوملتان منصور الحق رانا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کرائم کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے،کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دے کر پولیس اور عوام کے درمیان بہتر روابط قائم کیے جا رہے ہیں۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے آر پی او نے کہا کہ پولیس دربار کے انعقاد کا مقصد پولیس افسران اور جوانوں کے مسائل سننااورحل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اور سکیورٹی انتظامات میں ملتان پولیس کی کارکردگی قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے پی ایس ایل 8 کے ملتان میں کھیلے گئے میچز کے دوران ٹریفک پولیس، ڈولفن فورس، ایلیٹ فورس سمیت تمام افسران و جوانوں خصوصاً خواتین پولیس کی کارکردگی کو سرا ہتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کے دوران بھی ہمارے جوان محنت سے کام کر رہے ہیں۔ آر پی او ملتان نے کہا کہ آئی جی پنجاب پولیس فورس کی ویلفیئر کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ ہمارے جوان مزید ہمت اور جواں مردی کیساتھ دہشت گردی و جرائم کے خلاف لڑ سکیں اور ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔آرپی اوملتان محمد سہیل چودھری نے کہا کہ پولیس افسران وملازمین کی ویلفیئرکاخیال رکھناہماری زمہ داری ہے ۔ آر پی او ملتان نے کہا کہ جرائم کے خلاف ملتان پولیس کا مورال بلند ہے،شرپسند عناصر کی کمر توڑنے کے لیے مربوط کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔