پولیو جان لیوا موذی مرض ہے، واحد حل حفاظتی قطرے پلانا ہے؛ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان

16

سیالکوٹ،11مارچ  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان نے کہا ہے کہ پولیو جان لیوا موذی مرض ہے، اس سے بچاؤ کا واحد حل پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ  کے حفاظتی قطرے پلانا ہے ، والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسداد پولیو مہم کے دوران اپنی گھر آنے والی ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ  کے قطرے ضرور پلائے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے ہفتہ کو بنیادی مرکز صحت مراد پور میں پانچ روزہ خصوصی قومی انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے 13دیگر اضلاع کی طرح ضلع سیالکوٹ میں بھی 13مارچ سے پانچ روزہ خصوصی قومی انسداد پولیو مہم کا اغاز کیا جائے گا جس کے دوران ضلع سیالکوٹ کے پانچ سال سے کم عمر 7لاکھ 72ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ  کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

ڈی سی  عدنان محمود اعوان نے کہا کہ  خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوران 2676 موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر ، 133 فکسڈ ٹیمیں بنیادی و دیہی مراکز صحت اورہسپتالوں میں جبکہ69 ٹرانزٹ ٹیمیں لاری اڈوں اور چوکوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کا قومی فریضہ انجام دیں گے، اس مہم میں کل 6288 ممبران خدمات سر انجام دیں گے ، 129 یو سی ایم اوز تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ اپنی تحصیل میں پولیو مہم کا جائزہ لیں گے جبکہ وہ خود ضلعی سطح پر جائزہ اجلاس میں افسران سے بریفنگ لیں گے۔