پوری قوم  2018 کے عام انتخابات کا خمیازہ آج تک بھگت رہی ہے؛   خواجہ محمد آصف

19

سیالکوٹ،11مارچ  (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے   پوری قوم  2018 کے عام انتخابات کا خمیازہ آج تک بھگت رہی ہے  ،اس وقت کے تمام کردار آہستہ آہستہ  قوم کے سامنے آ رہے ہیں ، ہمارے معاشرے میں اخلاقیات اور معاشرتی اقدار تباہ ہو چکی ہیں ،  اس سلسلہ میں پچھلے پانچ سال میں شدت دیکھنےمیں   آئی ہے،اس روش کو روکنے کےلیے اقدامات انتہائی  ضروری ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے  کہا کہ پچھلے 4 سال میں جومعاشی   تباہی کی گئی جس کی  وجہ سے آج ملک مشکلات کا شکار ہے، تحریک انصاف کی ناقص معاشی پالیسیوں سے متاثرہ ملکی معیشت کو بہتری کی جانب گامزن کرنے کے لیے  اقدامات جاری  ہیں ۔

  وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے  بار ممبران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  وکلاء عظیم روایات کے امین  اور عدلیہ کے محتسب ہیں ۔انہوں نے کہا کہ    لیڈر کا کردار قابل تقلید ہوتا ہے ،قائد اعظم کا بحیثیت لیڈر کردار قابل تقلید تھا ،لوگوں کو ان کا اخلاق پسند تھا ،انہیں  یقین  تھا کہ یہ ڈیلیور کریں گے۔  آج کل کے  سیاسی لیڈران میں سچ جھوٹ کی تقریق ختم ہو گئی ہے،موجودہ لیڈران دو ہفتہ بعد ہی اپنی زبان سے بدل جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیا آپ کو یقین تھا کہ پرویز الٰہی پاکستان تحریک انصاف کا صدر بنے گا ،جس  فواد چوہدری کے خلاف پرویز الٰہی  بیان دیا کرتے تھے  آج وہی فواد چوہدری انہیں پارٹی صدارت کا لیٹر پیش کر رہا ہے،پچھلے چار پانچ سال کی سیاست کی تعریف یہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں بار کی جانب سے ملنے والی محبت پر بار کا مقروض ہوں آپ لوگوں نے ہمیشہ عزت دہی ہے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی ،صدر بار مقصود احمد بھٹی،جنرل سیکرٹری احسن اسماعیل ،نائب صد ر مہر  قدیر اکبرسمیت وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔