چینی کی 50 کلو کی بوری اٹھا کر 15کلومیٹر بھاگنے کا مقابلہ

35

شکرگڑھ ، 20مارچ (اے پی پی):  شکرگڑھ میں چینی کی 50 کلو کی بوری اٹھا کر 15 کلومیٹر بھاگنے  کا انوکھامقابلہ ہوا،21  سالہ طالبعلم فہد گجر نے  بھجنہ سے شکر گڑھ تک 15 کلو میٹر کا فاصلہ 3 گھنٹے میں طے کرکے 25 ہزار روپے انعام جیت لیا۔

شکرگڑھ کے موضع بھجنہ میں دو ہفتے قبل  ہنسی مذاق میں دوست کھیتوں سے  جانوروں کا بھاری  مقدار میں چارہ اٹھانے کے دعوے کر رہے تھے کہ سر پر 50 کلو وزن اٹھا کر شکرگڑھ جانے کی ٹھن گئی  اورپھر  علاقہ بھر میں 50 کلو چینی کا توڑا اٹھا کر بھجنہ سے شکر گڑھ جانے کا چیلنج کر دیا گیا اور25 ہزار روپے انعام مقرر ہوا ۔

آج سہہ پہر وزن اٹھا کر بھاگنے کے مقابلے میں نصف درجن نوجوان شریک ہوئے تاہم ایک نوجوان کے علاوہ  سبھی کھلاڑی کچھ فاصلے کے بعد ہمت ہار گئے  جبکہ بھجنہ کا فہد گجر  50 کلو وزنی چینی کا تھیلہ اٹھا کر با آسانی شکر گڑھ پہنچ گیا  اور اس انوکھی دوڑ میں فتح حاصل کرکے   25000 روپے انعام  جیت لیا۔