گورنر سندھ کی حضرت لال شہباز قلندر  رح کے  مزار پر حاضری ، عرس مبارک کی تقریبات کا افتتاح کیا

24

جامشورو ، 11 مارچ (اے پی پی):  گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری نے ہفتہ کو یہاں حضرت لال شہباز قلندر  رح مزار پر حاضری دے کرمزار پر چادر چڑہائی اور فاتحہ خوانی کر کے حضرت لال شہباز قلندر رح کی 771 ویں سالانہ سہ روزہ عرس مبارک کی تقریبات کا افتتاح کیا۔

 اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری نے کہا کہ سندھ اولیاء اکرام کی سرزمین ہے اور آج سہیون  حضرت لال شہباز قلندر رح کے عرس کی  افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔انہوں نے دعا کی ہے کہ  پاکستان اور سندھ کی سلامتی کیلئے دعا کی ہے ،سندھ بزرگان دین کی سرزمین ہے ۔انہوں نے ایک سوال جواب میں  کہا کہ  جہاں ہم نے   ملک کی خوشحالی کی دعا کی ہے وہیں  عمران خان کی ہدایت اور عقل سلیم کیلئے بھی دعا کی ہے کہ  عمران خان کو پاکستان کی تباہی سے روکے، عمران خان کا کردار اور  مفادات  سب پر عیاں ہے۔

 گورنر سندھ نے کہا کہ معاشی مسائل کے حل کیلئے وفاقی کابینہ کی معاشی ٹیم اسحاق ڈار کی قیادت میں  کام کر رہی ہے اور امید ہے بہت جلد مسائل حل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی لازمی ہے، پاکستان کے استحکام کیلئے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، سیاست سے ہٹ کر  پاکستان کیلئے فیصلے کرنا ہوں گے۔

 اس موقع پر   وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اوقاف احمد رضا شاھ جیلانی ، سیکریٹری اوقاف منور علی مہیسر، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف علی گل سنجرانی، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن ، ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد سید پیر محمد شاہ ،ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن ریٹائرڈ فریدالدین مصطفیٰ اور ایس ایس پی جامشور عمران احمد قریشی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔