ملتان، 11 مارچ (اے پی پی ):شہر اولیاء میں “صفائی نصف ایمان ہے” مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ویسٹ منیجمنٹ کمپنی اور تاجر برادری کے زیر اہتمام آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شہریوں کو صفائی کلچر اپنانے کے حوالے سے آگاہی پمفلٹ تقسیم کئے گئے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی مرکزی شاہراہوں اور خالی پلاٹس پر خصوصی توجہ ہے ،صفائی مہم کے دوران 816 پلاٹس اور نمایاں مقامات سے کوڑے کے ڈھیر اٹھانے کا ٹاسک دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی مہم کے پہلے 3 روز میں 100 سے زائد پلاٹس کو مکمل صاف کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنرعمر جہانگیر نے کہا کہ 176 کلومیٹر سے زائد طویل سڑکوں کی بھی دھلائی اور سکریپنگ جاری ہے ، صاف کئے گئے پلاٹس پر آگاہی بینر بھی نصب کئے جارہے ہیں جبکہ تاجر برادری اور سول سوسائٹی شہر کو صاف کرنے میں اپنی ذمہ داری نبھائے۔











