انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے، سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں دے رہے ہیں:  ایس ایم تنویر

15

لاہور27اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیرصنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن بلال افضل کے ہمراہ لمز یونیورسٹی کے انرجی انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر لمنز انرجی انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر نوید ارشد نے لمز کے انرجی اینیشیٹوز بارے بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر صنعت وتجار ت نے لمز یونیورسٹی کے انرجی چارچنگ اسٹیشن اور یونیورسٹی میں تیار کردہ الیکٹرک رکشہ کا معائنہ کیا۔ لمز یونیورسی حکام سے ملاقات کے دوران انڈسٹری کی توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے امور پر بات چیت ہوئی اورانڈسٹری کی توانائی کی ضروریات کے حوالے سے لمز یونیورسٹی سے اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے لمز یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ہرممکن سہولتیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے لمز یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک بڑھایا جائے گا اور یونیورسٹی کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انرجی کے ضیاع کو روکنے کے لئے بھی موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

ڈائریکٹر لمز یونیورسٹی ڈاکٹر نوید ارشد نے کہا کہ توانائی کمپنیوں کے ساتھ لمز یونیورسٹی کا اشتراک کار موجود ہے اور اب تک انرجی سیکٹر میں ایک ہزار لوگوں کو تربیت فراہم کر چکے ہیں۔