اوکاڑہ،19اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر عیدگاہوں،مساجداوران سے ملحقہ علاقوں،آنے جانے والے راستوں کی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ شہروں کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں، عید کے دنوں میں شہریوں کو اس سلسلہ میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیاں اس سلسلہ میں ڈیوٹی روسٹرجاری کریں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے عیدالفطرکی تیاریوں کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرمحمدذیشان حنیف نے محکمہ صحت ریسکیو 1122اور سول ڈیفنس سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ عید الفطر کے موقع پر اپنے اپنے اداروں کی جانب سے انتظامات کو حتمی شکل دیں، لوگوں کی سہولت اور آسانی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ انہوں نے مساجد اور عید گاہوں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
ڈپٹی کمشنر نے سیکریٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اقصیٰ غفور کو ہدایت کی کہ عیدالفطر کے موقع پر ٹرانسپورٹرز اور اڈہ مالکان طے شدہ کرایہ سے زائد وصول نہ کریں اور اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس اور سیکریٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی پورے ضلع میں اقدامات کریں۔