پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ اوکاڑہ نے عید الفِطر کاایمرجنسی پروٹوکول کوریج کا پلان جاری کر دیا

2

 

اوکاڑہ،19 اپریل(اے پی پی): پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ اوکاڑہ نے عید الفِطر کاایمرجنسی پروٹوکول کوریج کا پلان جاری کر دیا۔  ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق عید الفِطر کے حوالے سےجائزہ اجلاس سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کو بریفنگ دیتے ہوئے کنٹرول روم انچارج اور تحصیل آفیسرز کی جانب سے بتایا کہ عیدالفِطر کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر 24/7 متحرک رہے گا اور ضلع بھر میں ہونے والے اجتماعات میں مہیا کی جانے والی ایمرجنسی کوریج کی نگرانی کو یقینی بنائے گا۔ ضلع بھر میں ہونے والے بڑے اجتماعات کو ایمبولینسز، فائر وہیکلزاور موٹربائیک سروس کے ساتھ ایمرجنسی کوریج فراہم کی جائے گی اس کے علاوہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت ایمرجنسی سروس فراہم کرنا بھی ریسکیو1122 کی اولین ترجیح میں شامل ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کا  کہنا تھا کہ ضلع بھر میں تفریحی مقامات پر بھی ایمرجنسی کوریج کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جہاں پر لوگوں کی کثیرتعداد کی آمد متوقع ہے تاکہ کسی بھی نا گہانی صورتحال میں بروقت اور فوری ایمرجنسی سروس فراہم کی جاسکے۔

 انہوں  نے کہا کہ” عبادت میں قضاء۔خدمت میں نہیں ” کے منشور کے مطابق تمام ریسکیورز کو اپنے فرائض خوش اسلوبی اور جذبہ سے سرانجام دینے چاہیئے۔ عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گھروں سے بے جا نکلنے سے گریز کریں، دورانِ ڈرائیونگ تیز رفتاری سے اجتناب کریں، سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں اور بچوں کو موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کرنے سے روکنے کے ساتھ ساتھ ہیلمٹ اور سائیڈ شیشوں کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ سیرو تفریح کیلئے نہر اور دریا کے کناروں سے مناسب فاصلہ پر عید کے پُرمسرت لمحات سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ کسی بھی ناخوشگوار واقع سے خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی تلقین کریں۔