اوکاڑہ،18اپریل(اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دیپالپور کے علاقے بصیر پور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے مردارمرغیوں کی سپلائی کی کوشش ناکام بنادی ہے۔کارروائی کے دوران 900 کلو گرام مردہ مرغیاں برآمد کرکے تلف کردی گئیں۔ ملزم کو موقع پر پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور سنگین خلاف ورزی پر تھانہ بصیر پور میں ایف آئی آر درج کروادی گئی ہے۔
فوڈسیفٹی ٹیم کے مطابق مردار گوشت مبینہ طور پراوکاڑہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں ہوٹلوں اور پکوان سنٹرز پر سپلائی کیا جارہا تھا۔ مضر صحت گوشت اور مردہ مرغیاں لوڈر رکشہ پر سپلائی کی جارہی تھیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ حرام گوشت کا مکروہ دھندہ کرنے والے معاشرے کیلیے ناسور ہیں۔ خوراک کے نام پر عوام کو زہر کھلانے والے عوام کے مجرم ہیں، ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔











