اوکاڑہ،14اپریل (اے پی پی): وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی طرف سے ملک بھر میں رمضان ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز سے صارفین مستفید ہورہے ہیں۔اسی طرح اوکاڑہ ریجن میں 86یوٹیلیٹی سٹورز اور6فرنچائز موجود ہیں جن میں ضلع اوکاڑہ کے ساتھ تحصیل پتوکی شامل ہے اس ریجن میں صارفین رمضان ریلیف پیکج سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ریجنل مینجر اوکاڑہ رؤف احمد مانیکا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے 19اشیاء جن میں آٹا، گھی،چینی، کوکنگ آ ئل، دالیں، دودھ، مصالحہ جات، چاول، مشروبات چائے، کھجوریں ودیگر اشیاء خوردونوش پرسبسڈیز دی ہوئی ہیں اور کہا کہ رمضان المبارک میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر گورنمنٹ نے دو طرح کے نرخوں پرسبسڈی دی ہے جو لوگ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہیں ان کے لیے گھی فی کلو 300 روپے،چینی 70روپے فی کلو، آ ٹا 10کلو کا تھیلا 400 روپےکا دیا جارہا ہے اس کے علاوہ دیگراشیاء بازار سے رعایت پر دستیاب ہیں جبکہ دوسرے تمام صارفین کے لیے گھی 490 روپے فی کلو چینی91 روپےفی کلو آٹا تھیلا وزن 10کلو 648 روپے پردیا جارہا ہے اور اشیاء خوردونوش کااسٹاک وافر مقدار ویئر ہاؤس میں بھی موجود ہے۔











