لاہور، 08اپریل(اے پی پی): ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء محمد سلیم ساگر نے الحمراء آرٹ میوزیم کا دورہ کیا۔انہوں نے الحمراء آرٹ میوزیم کوفنون لطیفہ کی ترویج و ترقی کا ضامن قرار دے دیا اور کہا کہ میوزیم میں 118عالمی شہرہ آفاق آرٹسٹوں کے 300 فن پارے موجود ہیں جن سے ہزار ہاسالہ تہذیب وتمدن وثقافت جھلکتی ہے، یہ میوزیم آرٹ سے محبت کرنے والوں کیلئے مرکز کی حیثیت رکھتاہے۔
محمد سلیم ساگر نے کہا کہ عالمی شہرہ آفاق آرٹسٹوں عبدالرحمن چغتائی، استاد اللہ بخش، صادقین، شاکرعلی، ایس صفدر، حنیف رامے، شمزا، احمد پرویز، کولن ڈیوڈ اور اسلم کمال کے فن پارے میوزیم کی زینت ہیں۔انھوں نے کہا کہ جمئی انجینئر، میر ی کترینا، کامل خان، ممتاز، انا مولیکا احمد، سعید اختر، زبیدہ آغا، خالد اقبال جیسے مستند مصور کا کام بھی اس میوزیم کا اثاثہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ فنون لطیفہ سے محبت رکھنے والوں کے پیش نظر الحمراء آرٹ میوزیم کا ورچوئل ٹور الحمرا کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔











